حفاظت اور پرائیویسی سینٹر

‏Spotify پلیٹ فارم کے قوائد و ضوابط

Spotify کا مشن انسان کی تخلیقی صلاحیتوں کو ان لاک کرتا ہے – لاکھوں تخلیقی آرٹسٹس کو ان کے فن کے بل بوتے پر روزگار کمانے اور اربوں مداحوں کو اس سے لطف اندوز ہونے اور متاثر ہونے کا موقع فراہم کرتے ہوئے یہ کام انجام دیا جاتا ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ ہمارے پلیٹ فارم پر اس مشن کو حاصل کرنا مختلف قسم کے فنی اظہار، خیالات، سوچ اور آوازوں کو خوش آمدید کرنے کا مرہون منت ہے۔ اس کا مطلب ہو سکتا ہے کہ ہمارے پلیٹ فارم پر کچھ مواد ایسا بھی ہو سکتا ہے جو انفرادی پسندیدگی کے مطابق نہ ہو یا ایسا مواد نہ ہو جسے Spotify کی تائید حاصل ہو۔

تاہم، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے پلیٹ فارم پر ہر چیز کی اجازت ہے۔ آپ نے ہماری سروسز کے اپنے استعمال کو کنٹرول کرنے والی جن شرائط سے اتفاق کیا ہے ان کے علاوہ یہ اصول اس امر کو یقینی بنانے میں مدد کرتے ہیں کہ ہر کسی کا تجربہ محفوظ اور خوشگوار ہو۔

اصول کیا ہیں؟

خواہ آپ موسیقار ہوں، پوڈکاسٹر ہوں یا دیگر معاون، یہ جاننا ضروری ہے کہ ہمارے پلیٹ فارم پر کس چیز کی اجازت نہیں ہے۔ مندرجہ ذیل سیکشنز میں موجود مثالیں سمجھانے کے مقاصد کیلئے ہیں نیز یہ سبھی باتوں کا احاطہ نہیں کرتی ہیں۔

خطرناک مواد

Spotify کمیونٹیز کا ہوم ہے جہاں لوگ تخلیق کر سکتے ہیں، اپنے خیالات کا اظہار کر سکتے ہیں، سن سکتے ہیں، شیئر کر سکتے ہیں، سیکھ سکتے ہیں اور متاثر ہو سکتے ہیں۔ تشدد کو ہوا نہ دیں، نفرت کو شہ نہ دیں، ہراساں کرنے، دھونس جمانے یا کسی اور ایسے رویے میں ملوث نہ ہوں جس کی وجہ سے لوگوں کو جسمانی نقصان یا موت کا خطرہ ہو۔ کس چیز سے گریز کرنا چاہیئے:

ایسا مواد جو کسی فرد یا گروپ کی طرف جسمانی نقصان کی وکالت یا پذیرائی کرتا ہو بشمول مگر بلاتحدید:

  • خودکشی اور خود ایذا رسانی کی حوصلہ افزائی، فروغ دینا یا تعریف کرنا (اگر آپ یا آپ کا کوئی شناسا کسی ایسے شخص کو جانتا ہے جو خود ایذا رسانی سے گزر رہا ہو یا ایسا کرنے کا سوچ رہا ہو تو براہ کرم یہاں مدد حاصل کرنے کے طریقے دیکھیں)
  • کسی مخصوص ہدف یا مخصوص گروپ کے خلاف جسمانی نقصان یا تشدد کی کارروائیوں کو شہ دینا یا ایسا کرنے کی دھمکی دینا

دہشت گردی یا متشدد شدت پسندی کی تشہیر یا تائید کرنے والا مواد بشمول تاہم بلاتحدید:

  • متشدد شدت پسند گروہوں یا ان کے ممبرز کی تعریف یا پذیرائی کرنا
  • متشدد شدت پسند گروہوں یا ان کے ممبرز کی طرف سے یا ان کی جانب سے پُرتشدد اقدامات میں سہولت کاری، تشہیر، دھمکانا یا پذیرائی کرنا
  • متشدد شدت پسندی کا عمل انجام دینے کیلئے ہدایات یا ہدایاتی مواد فراہم کرنا
  • کسی شخص یا گروہ کو متشدد شدت پسندی کا عمل انجام دینے، اس کیلئے مالی معاونت فراہم کرنے یا اس کی سرگرمیوں کا حصہ بننے پر اکسانا

کسی فرد یا قابل شناخت گروپ کو ہراساں کرنے یا اس سے متعلقہ بدسلوکی کیلئے نشانہ بنانے والے مواد میں یہ شامل ہے، مگر اس تک محدود نہیں:

  • مخصوص افراد کو جنسی طور پر بار بار نشانہ بنانا
  • تکرار کے ساتھ کسی نابالغ کو شرمندہ کرنے یا ڈرانے دھمکانے کے لیے ٹارگٹ کرنا
  • غیر متفقہ نجی مواد شیئر کرنا یا دوبارہ شیئر کرنا، ساتھ ہی ساتھ اس طرح کے مواد کو پھیلانے یا ظاہر کرنے کی دھمکیاں دینا
  • کسی کی نجی معلومات شیئر کرنا، شیئر کرنے کی دھمکی دینا یا شیئر کرنے کے لیے دوسروں کی حوصلہ افزائی کرنا، بشمول کریڈٹ کارڈ یا بینکنگ کی معلومات، قومی شناختی نمبرز وغیرہ۔

ایسا مواد جو نسل، مذہب، جنسی پہچان یا اظہار، جنس، قومیت، جنسی رجحان، فوجی حیثیت، عمر، معذوری یا نظامی امتیاز یا پسماندگی سے وابستہ کسی اور خصوصیت کی بنیاد پر کسی گروپ کی طرف تشدد یا نفرت کیلئے شہ دیتا ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • کسی شخص یا گروپ کے خلاف درج بالا خصوصیات کی بنیاد پر تشدد کی پذیرائی کرنا، تائید کرنا یا ترغیب دینا
  • درج بالا خصوصیات کی بنیاد پر کسی شخص یا گروپ کے خلاف غیر انسانی بیانات دینا
  • نفرت انگیز گروپس اور ان سے وابستہ تصاویر اور/یا علامات کو فروغ دینا یا ان کی پذیرائی کرنا

ایسا مواد جو خطرناک جھوٹ یا خطرناک فریب پر مبنی طبی معلومات کو فروغ دیتا ہو جس سے آف لائن نقصان کا اندیشہ ہو یا صحت عامہ کیلئے براہ راست خطرے کا باعث ہو سکتا ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • اس بات پر زور دینا کہ AIDS ،COVID-19، کینسر یا دیگر جان لیوہ بیماریاں فریب ہیں یا ان کا حقیقت میں وجود نہیں ہے
  • مختلف بیماروں اور امراض کے علاج کیلئے بلیچ پروڈکٹس کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا
  • اس بات کو فروغ دینا یا تجویز دینا کہ مقامی صحت کے حکام کی جانب سے منظور شدہ ویکسینز جان لینے کیلئے بنائی گئی ہیں
  • لوگوں کو قوت مدافعت پیدا کرنے کیلئے جان بوجھ کر COVID-19 سے متاثر ہونے کی ترغیب دینا (مثلاً "کورونا وائرس پارٹیوں" کو فروغ دینا یا منعقد کرنا)

ایسا مواد جو ریگولیٹڈ یا غیر قانونی اشیاء کو ناجائز طور پر فروغ دیتا ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • غیر قانونی اسلحہ یا اسلحے کے پرزے فروخت کرنا
  • غیر قانونی منشیات فروخت کرنا
  • معدومیت کے خطرے سے دوچار جانور یا ان سے بنائی گئی مصنوعات فروخت کرنا

ایسا مواد جو بچوں سے جنسی بدسلوکی یا استحصال کو فروغ دیتا ہو، ورغلاتا ہو یا سہولت فراہم کرتا ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • ایک نابالغ کی کسی جنسی سرگرمی کی بصری عکاسی یا عریاں نابالغ کی شہوت انگیز عکاسی
  • پیسوں کے عوض کسی بچے کے خلاف جنسی بدسلوکی کی کارروائیوں کو فروغ دینا
  • بالغان کی نابالغان کی طرف جنسی کشش کی حوصلہ افزائی کرنا یا فروغ دینا
  • بچوں کو جنسی طور پر استعمال کرنے کے رویوں کو فروغ دینا، عام کرنا یا تعریف کرنا

گمراہ کن مواد

‏Spotify پر زبردست تجربہ تشکیل دینے کیلئے یہ اعتماد ضروری ہے کہ لوگ اپنی شناخت درست بتائیں، ان کے ساتھ دھوکہ نہیں ہوگا اور یہ کہ کوئی بھی ہمارے پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرنے کی کوشش نہیں کر رہا۔ دوسروں کو دھوکہ دینے کیلئے بدنیتی پر مبنی طریقوں کا استعمال نہ کریں۔ کس چیز سے گریز کرنا چاہیئے:

ایسا مواد جو دھوکہ دہی کیلئے دوسروں کے نقالی کرتا ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • کسی دوسرے موجودہ تخلیق کار کے نام، تصویر اور/یا تفصیل کی نقل کرنا
  • گمراہ کن انداز میں خود کو کوئی دوسرا شخص، برانڈ یا تنظیم ظاہر کرنا

ایسا مواد جو پیرا پھیری کردہ اور مصنوعی میڈیا کو ان طریقوں سے درست کے طور پر فروغ دیتا ہو جس سے نقصان کا اندیشہ ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • ایک حقیقی اور درست ذریعے سے آنے والی آڈیو یا ویڈیو ریکارڈنگ جس میں اس طرح ترمیم کی گئی ہو کہ اصل میڈیا کے معنی یا سیاق و سباق تبدیل ہو جائیں اور انہیں سچ سمجھا جائے، جس کی وجہ سے گفتگو کرنے والے یا دیگر افراد کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہو
  • ٹیکنالوجی کے ذریعے بنایا گیا ایسا آڈیو یا بصری میڈیا جسے سچ سمجھا جائے، جیسے ڈیجیٹل طور پر بنایا گیا جنسی آڈیو اور ویڈیو مواد یا ایسا مواد جو کسی پر جرم کا ارتکاب کرنے سے متعلق جھوٹا الزام لگائے

ایسا مواد جو انتخابات سے متعلق پراسیسز میں پیرا پھیری یا مداخلت کی کوشش کرتا ہے بشمول، مگر بلاتحدید:

  • شہری پراسیس میں طرز عمل کی غلط نمائندگی جس سے شرکت کی حوصلہ شکنی ہو سکتی ہو یا رک سکتی ہو
  • ووٹروں کو انتخابات میں حصہ لینے سے ڈرانے یا دبانے کیلئے پھیلایا گیا گمراہ کن مواد

ایسا مواد جو Spotify کمیونٹی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • کمپیوٹرز، نیٹ ورکس، سسٹمز یا دیگر ٹیکنالوجیز کو نقصان پہنچانے یا غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کیلئے میلویئر یا متعلقہ نقصان دہ طریقوں کے اطلاق کیلئے پوسٹ کرنا، شیئر کرنا یا ہدایات فراہم کرنا
  • حساس معلومات کی درخواست کرنے یا جمع کرنے کیلئے فریب دہی یا متعلقہ کوششیں
  • جلدی سے دولت مند ہونے اور پائرامڈ اسکیمز جیسی سرمایہ کاری اور مالیاتی جعلسازی کو فروغ دینا، یا بصورت دیگر جھوٹے بہانوں کے تحت دوسروں سے پیسے لگوانے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کرنا

حساس مواد

ہمارے پاس Spotify پر بہت سارا زبردست مواد ہے، مگر کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کی ہم اپنے پلیٹ فارم پر اجازت نہیں دیتے۔ ضرورت سے زیادہ پُرتشدد یا گرافک مواد پوسٹ نہ کریں اور جنسی طور پر صریح مواد پوسٹ نہ کریں۔ کس چیز سے گریز کرنا چاہیئے:

ایسا مواد جو تشدد، خونریزی یا دیگر دہشت انگیز تصاویر کی گرافک یا غیر ضروری عکاسی کو فروغ دیتا ہو بشمول، مگر اس تک محدود نہیں:

  • شدید مسخ شدہ یا کٹے پھٹے اجسام
  • جانوروں پر ظلم یا تشدد کو فروغ دینا

ایسا مواد جو جنسی طور پر صریح مٹیریل پر مشتمل ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • جنسی تسکین کے مقصد کیلئے پیش کردہ فحش نگاری یا جنسی اعضاء یا عریانی کی بصری عکاسی
  • عصمت دری، زنائے محرم یا حیوانوں سے جنسی خواہش سے متعلق جنسی تھیمز کی وکالت یا ان کی پذیرائی کرنا

غیر قانونی مواد

قانون پر عمل لازمی ہے۔ آپ کوئی بھی ہوں، قابل اطلاق قوانین اور ضوابط کی تعمیل کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ کس چیز سے گریز کرنا چاہیے:

ایسا مواد جو قابل اطلاق قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی کرتا ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • ایسا مواد جو قابل اطلاق پابندیوں اور درآمدی ضوابط کی تعمیل نہ کرتا ہو
  • ایسا مواد جو کسی بھی قسم کی غیر قانونی حرکت کو فروغ دینے یا اس کا ارتکاب کرنے کے مقصد سے ہو

ایسا مواد جو دوسروں کے دانشورانہ املاک کے حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہو بشمول، مگر بلاتحدید:

  • لازمی اجازتیں حاصل کیے بغیر Spotify کو فراہم کردہ مواد
  • ایسا مواد جو فریق ثالث کے کاپی رائٹس یا ٹریڈ مارکس کی خلاف ورزی کرتا ہو

Spotify ان قواعد کو کیسے نافذ کرتا ہے؟

Spotify ٹیکنالوجی اور انسانی جائزے کے امتزاج کا استعمال کرتے ہوئے پوری دنیا میں ان اصولوں کو مسلسل اور بڑے پیمانے پر نافذ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ صارف کی رپورٹس کے علاوہ، ہم ایسے خودکار ٹولز سے استفادہ کرتے ہیں جو سگنلز کے امتزاج پر انحصار کرتے ہیں تاکہ ایسے مواد کا پتہ لگایا جا سکے جو ہمارے پلیٹ فارم کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر سکتا ہے۔

ہمارے پاس ہمارے پلیٹ فارم کے قواعد و ضوابط کو تیار، برقرار اور ان کو نافذ کرنے کے لیے ماہرین کی عالمی ٹیمیں ہیں۔ جب ممکنہ طور پر خلاف ورزی کرنے والے مواد کو رپورٹ کیا جاتا ہے یا اس کا پتہ چل جاتا ہے، تو ہماری ٹیمیں مناسب نفاذ کے اقدامات کرنے کے لیے کام کریں گی۔

جب قواعد ٹوٹ جاتے ہیں تو کیا ہوتا ہے؟

ہم ان فیصلوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور پلیٹ فارم کے قواعد و ضوابط کی ممکنہ خلاف ورزیوں کا جائزہ لیتے وقت سیاق و سباق کو ذہن میں رکھتے ہیں۔ قوانین توڑنے کے نتیجے میں خلاف ورزی کرنے والے مواد کو Spotify سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ مکرر یا فاش خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اکاؤنٹس معطل اور/یا ختم ہو سکتے ہیں۔ یہاں دیگر اقدامات کے بارے میں مزید جانیں جو ہم مواد یا اکاؤنٹس پر لے سکتے ہیں۔

مجھے اور کیا جاننے کی ضرورت ہے؟

پلیٹ فارم کے یہ قواعد و ضوابط یہ یقینی بنانے میں مدد کریں گے کہ Spotify سب کے لئے ایک کھلا اور محفوظ پلیٹ فارم رہتا ہے۔ ہم ضرورت کے مطابق ان معلومات کا جائزہ لینا اور اپ ڈیٹ کرنا جاری رکھیں گے، لہٰذا براہ کرم تواتر کے ساتھ چیک کرتے رہیں۔ آپ کون سی Spotify پروڈکٹس یا خصوصیات استعمال کرتے ہیں اس لحاظ سے آپ پر اضافی تقاضے لاگو ہو سکتے ہیں۔

میں کسی مسئلے کی رپورٹ کیسے کروں؟

کیا آپ کو Spotify پر کسی مواد کے ساتھ کوئی مسئلہ ملا ہے؟ اگر ایسا ہے تو براہ کرم اسے یہاں رپورٹ کریں۔